وزیر اعظم

وزیر اعظم نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق اور بی جے پی کے فاشسٹ بیانیے کے خلاف آواز اٹھائی ہے، شیریں مزاری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق اور بی جے پی کے فاشسٹ بیانیے کے خلاف آواز اٹھائی ہے،کشمیر میں جنگی جرائم کا اقوام متحدہ نوٹس لے کر ہندوستان کے خلاف ایکشن لے۔ یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری 2022، کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ پانچ فروری ہر سال پاکستان میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم آج کے دن اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شیریں مزاری نے کہاکہ کشمیریوں کو جس قسم کی بھی سپورٹ چاہیے، ہم ان کو دے رہے ہیں اور دیں گے۔ شیریں مزاری نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق اور بی جے پی کے فاشسٹ بیانیے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم پوری دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔

شیریں مزاری نے کہاکہ کشمیر میں جنگی جرائم کا اقوام متحدہ نوٹس لے کر ہندوستان کے خلاف ایکشن لے۔شیریں مزاری نے کہاکہ حق ِخود ارادیت کشمیریوں کا جائز حق ہے جو پوری دنیا نے ان کو یو این سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے دیا ہے۔ شیریں مزاری نے کہاکہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کا حق ان کو شفاف انتخابات کے ذریعے دینے کا اعلان کیا تھا۔انہوںنے کہاکہ آج کے دن دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر کا تنازعہ بہت دیر سے حل طلب ہے اور یو این کے ایجنڈا پر ابھی تک موجود ہے۔ شیریں مزاری نے کہاکہ ہندوستان بھول رہا ہے کہ اس نے جنیوا کنونشن پر خود سائن کئے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان اب کشمیر کی قانونی حیثیت کو بدلنا چاہ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے اور وہاں کی ڈیمو گرافی کو تبدیل کر رہا ہے،جو فورتھ جنیواکنونشن کے تحت ایک جنگی جرم ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر اسکا نوٹس نہیں لیا جاتا تو پھر انصاف اور اقوام متحدہ کا نظام، بالکل بے معنی ہو جاتا ہے۔