سیالکوٹ(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ ، کھاریاں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتوں کو سہولتیں دیے بغیر ملکی دولت میں اضافہ نہیں ہو سکتا۔پہلے ادوار میں بنائی گئی موٹر ویز سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ، یہ موٹر وے پہلی موٹر وے سے 100 کلو میٹر کا سفر بچائے گی۔
سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزےراعظم عمران خان نے کہا کہ سیالکوٹ کھاریا ں موٹروے اہم منصوبہ ہے۔ ملک میں صنعتوں کی ضرورت ہے اور صنعتوں کے بغیر ملکی ترقی کی رفتار سست رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چھوٹے اور درمیانی صنعتوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔ سڑکیں، اسکولز اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز استعمال کیے جاتے ہیں لیکن صنعتوں کو سہولتیں دیئے بغیر ملکی دولت میں اضافہ نہیں ہو سکتا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس علاقے میں ہم بڑے پیمانے پر صنعتیں لگا سکتے ہیں اور موٹروے بھی اسی روٹ پر بننا چاہیے تھا۔
سوات موٹروے کے ذریعے عید کے دنوں میں 27 لاکھ گاڑیاں گئیں۔ ہمیں سوچنا ہو گا کہ ہم ان موٹرویز سے کس طر ح ریونیو حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کا شعبہ بڑا اور اہم ہے جبکہ موٹرویز سے سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ ڈالرز بڑھانے کے لیے صنعتوں اور سیاحت پر توجہ دینی ہو گی۔موٹروے سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سوات سے دیر اور دیر سے چترال اور گلگت موٹروے بہترین منصوبہ ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے اہم منصوبہ ہے اور زیادہ آبادی کی وجہ سے اس علاقے کی اہمیت زیادہ ہے۔
جب تک ملکی آمدنی میں اضافہ نہیں ہو گا ہم قرضے نہیں اتار سکتے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔ پہلے ادوار میں بنائی گئی موٹرویز سے ملک کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں مگر ہم نے دیکھا کہ ان کیلئے رکاوٹیں بہت تھیں ، صنعتوں سے متعلق جو بھی رکاوٹیں ہوں گی انہیں دور کیا جائے گا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو درپیش مشکلات کو بھی حل کیا جائے گا