حافظ نعیم الرحمن 27

وزرا، سرکاری افسروں کی مفت پٹرول کی سہولت ختم ہونی چاہئے، حافظ نعیم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت پٹرول پر مختلف ٹیکس ملا کر تقریباً 120 روپے وصول کر رہی ہے، وزرا، سرکاری افسروں کی مفت پٹرول کی سہولت ختم ہونی چاہئے، بڑی بڑی سرکاری گاڑیوں کی جگہ زیادہ سے زیادہ 1300 سی سی گاڑیاں ہونی چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے اضافہ عوام پر ظلم ہے، حکومت نے 55 روپے اضافے میں 20 روپے پٹرول لیوی بڑھا دی، فی لیٹر پٹرول پر لیوی 105 روپے تک پہنچ گئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئیں تو عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، موٹر سائیکل چلانے والے طالب علم، مزدور اور مڈل کلاس سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر روز ایک لٹر بھی استعمال ہو تو 105 روپے صرف لیوی میں جا رہے ہیں، حکومت نے دو سال میں پٹرول لیوی سے 2600 ارب روپے عوام سے وصول کئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ ٹیکس دے رہا ہے، اشرافیہ سے ٹیکس کون لے گا؟ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عوام سے پیسے لے رہی ہے مگر اپنی عیاشیاں ختم نہیں کر رہی، پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں