میسجنگ 52

واٹس ایپ سٹیٹس میں مزید بہتری کر دی گئی

کیلیفورنیا(رپورٹنگ آن لائن) سٹوریز اب ہر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپ کا ایک لازمی جزو ہے، جس سے صارفین اپنے روزمرہ کے مختلف لمحات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

یہ سٹوریز 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہوجاتی ہیں، واٹس ایپ میں سٹوریز کو سٹیٹس کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔

ویب بیٹا انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق اب سٹیٹس اپ ڈیٹس کو براہ راست چیٹ ٹیب کا حصہ بنا دیا جائے گا، یہ سٹیٹس کے حوالے سے بہت بڑی تبدیلی ہے اور اس سے آپ کسی بھی ایسے فرد کے سٹیٹس دیکھ سکیں گے جو کانٹیکٹس میں سیو نہیں ہوگا مگر اسے کبھی میسج کیا ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کیلئے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔

یعنی واٹس ایپ سٹیٹس اب فیس بک یا انسٹا گرام سٹوریز کی طرح بن جائیں گے جو چیٹ ٹیب کے اوپر نظر آئیں گے، مگر یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ان ایبل نہیں ہوگا بلکہ صارف کو چیٹ لسٹ کو نیچے کرنا ہوگا بالکل جیسے ٹیلیگرام میں سٹوریز تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے پہلے ان افراد کے سٹیٹس نظر آئیں گے جن سے زیادہ رابطے میں رہتے ہیں جبکہ دیگر افراد کے سٹیٹس دیکھنا بھی ممکن ہوگا۔

ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام افراد کو دستیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں