بلوچستان نے سندھ

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ،بلوچستان نے سندھ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دیدی

ملتان(ر پورٹنگ آن لائن)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپکے تیسرے میچ میں بلوچستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کو 2 رنز سے شکست دیدی۔ بلوچستان کے 181رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی۔ سندھ کے سہیل خان نے16 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ مرحلے میں پہنچا دیا تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اسد شفیق32 جبکہ سرفراز احمد اور انور علی 20، 20 رنز بناکر آٹ ہوئے۔بلوچستان کے آلرنڈر عماد بٹ نے 39 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین اور پلئیر آف دی میچ بسم اللہ خان کی نصف سنچری کی بدولت بلوچستان نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ بسم اللہ خان نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کئیے اور چوتھی وکٹ کے لیے کپتان حارث سہیل کے ساتھ 69 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ فاسٹ بالر محمد حسنین نے 31 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے بلوچستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کاکہنا ہے کہ اننگز کے آغاز میں تو کریز پرروکنا ہی ان کا ہدف تھا مگر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا توانہوں نے ایک منظم حکمت عملی کے تحت رنز بنانے کی رفتار تیز کردی۔ انہوں نے کہا کہ وہ روز بروز اپنے کھیل میں نکھار لانے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی کا صلہ ہے کہ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں انہوں نے ایسی نصف سنچری بنائی جس نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔بسم اللہ خان نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے لوگ ان سے بہت محبت کرتے ہیں اور اچھی کارکردگی کے بعد ان کے موبائل پر مبارکبادی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔دونوں ٹیمیں گیارہ اکتوبر کو راولپنڈی میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں گی۔