ڈویلپرز 47

نیشنل ٹی 20کپ کے لیے ایبٹ آباد اور سیالکوٹ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی 20کپ کے 10 ویں روز ایبٹ آباد اور سیالکوٹ نے شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔پہلے میچ میں ایبٹ آباد نے لاہور بلوز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم14.3 اوور میں صرف86 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، ایبٹ آباد کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اوورمیں صرف10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شہاب خان اور ارشد اقبال نے 2، 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد نے87 رنز کا مطلوبہ ہدف محض8.2 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کامران غلام نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے23 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست46 رنز بنائے جبکہ اوپنر شاہ زیب خان نے19 گیندوں پر32 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ایبٹ آباد کا سیمی فائنل میں مقابلہ لاہور وائٹس سے ہوگا جو منگل کو رات ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں سیالکوٹ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان ریجن کو 7وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں163 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان امام الحق نے51 گیندوں پر10 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ بسم اللہ خان نے 12 گیندوں پر23 رنز کا اضافہ کیا۔

سیالکوٹ کی جانب سے صفیان مقیم نے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسامہ میر اور شعیب اختر جونیئر نے 2، 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں خواجہ ارحم اور مرزا طاہر بیگ نے ٹیم کو 63 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ بعد ازاں عبداللہ شفیق اور حسن نواز نے اہم شراکت قائم کی۔ایک موقع پر سیالکوٹ کو25 گیندوں پر64 رنز درکار تھے، تاہم حسن نواز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے اپنی شاندار اننگز میں 5 چوکے اور 6چھکے لگاتے ہوئے ناقابل شکست 80 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی۔ آخری اوور میں درکار 13 رنز سیالکوٹ نے پانچویں گیند پر مکمل کر لیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں