لاہور(رپورٹنگ آن لائن )نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا-وزیر اعلی محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پراگرس کے بارے میں پوچھا -بعض شہریوں نے درخواستیں تاخیر سے نمٹانے کے حوالے سے شکایات کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو طلب کر کے درخواستوں کو مقرر کردہ مدت میں نمٹانے کا حکم دیااورشہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے –
محسن نقوی نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو این او سی ہر صورت ان کی رہائش گاہ پر ڈلیور کیا جائے جبکہ دیگر شہریو ں کو بھی حتمی دستاویزات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے نظام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔وزیراعلی محسن نقوی نے ون ونڈو سیل ٹیم انچارج کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی درخواستوں کو 14 روز کی بجائے 10 روز میں نمٹایا جائے-بعض شہریوں نے ایف بی آر کی تصدیق کی شرط کے لئے ایف بی آر کے آفس میں باربارچکر لگوانے کے حوالے سے شکایات کیں، جس پر وزیراعلی نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل میں ایف بی آر کاونٹر کے قیام کے لئے وفاقی حکومت سے بات کروں گا تاکہ شہریوں کوبار با ر چکر نہ لگانا پڑیں۔
انہوں نے کہاکہ ون ونڈو سیل میں 2 شفٹ میں رات 9 بجے تک کام ہو رہا ہے اورشہریوں کی سہولت کیلئے ون ونڈو سیل کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ شہریوں نے ون ونڈو سیل میں سہولتیں بڑھانے اور درخواستوں پر فوری کارروائی کے حوالے سے وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا-