لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انکشاف کیاہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف کی ایک ہفتہ قبل جنیوا میں سرجری ہوئی تھی اور اب ان کی طبیعت بہتر ہے ۔
ٹی وی پروگرام میں خواجہ آصف کا کہناتھاکہ نواز شریف گزشتہ ہفتے جنیوا میں زیرعلاج رہے اور ان کی دوبار سرجری کی گئی جبکہ انہیں صحت یاب ہونے میں آٹھ نو دن لگے ،نواز شریف کی غیرموجودگی پر بہت ساری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں جو درست نہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت اختلافات کو سنبھال لے گی، کشیدگی کو کم کرنے میں صدر مملکت آصف زرداری ماہر ہیں ، وہ تصادم پر یقین نہیں رکھتے ،ہماری قیادت بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی، آصف زرداری نے محسن نقوی کو بلایا ہے ، یہ خوش آئند بات ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف آج شام وطن واپس پہنچیں گے تو معاملات طے ہوجائیں گے ۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغان وزیر خارجہ کے دورہ بھارت پر کوئی پریشانی نہیں، افغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔
قبل ازیں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اس کا بنایا گیا ہوائی قلعہ برباد کردیا ، بھارت اپنے آپ کو پہلے چار یا پانچ بڑے ممالک میں تصور کرتا تھا، اب وہ بھی پوزیشن ختم ہو گئی ہے ۔
ہندوستان میں الیکشن آنے والے ہیں اس کے ساتھ ہی ان کی سیاسی مجبوریاں بڑھ رہی ہیں،بھارت اس وقت انتہائی ڈپریشن میں مبتلا ہے۔ ہماری افواج نے جس طرح بہادری سے ملک کا دفاع کیا ہے وہ تاریخ کا ایک سنہری باب بن گیا ہے۔