وزیر داخلہ

نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں، شیخ رشید

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ (ن)لیگ صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو بدنام کر رہی ہے، نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں،نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے میں کاغذات جاری کرسکتے ہیں، ہم مزاحمت کے نہیں مفاہمت کے داعی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی علم نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی میں مزید کچھ گروپ شامل ہوگئے ہیں، یوسف رضا گیلانی ای سی ایل سے متعلق عدالت یا وزارت داخلہ سے رجوع کرسکتے ہیں ، وہ ہمیں درخواست دیں وزارت داخلہ یوسف رضا کے ای سی ایل میں نام ہونے کا معاملہ دیکھے گی، پاکستان میں کئی ہزار ویزا ہولڈر لوگ لاپتہ ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہے ہیں، پنڈورا لیکس کی تحقیقات ہوں گی، جو جواب نہیں دیں گے ان کو اداروں کے حوالے کریں گے ۔

نیشنل ایکشن پلان سیکریٹریٹ فاٹا ہاوس اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے قائد ملک آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ یہ صرف سیاسی گند ہی کریں گے۔علاوہ ازیں انہوں نے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن جب چاہیے حساس ادارے کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے اور میڈیا اسے پوری آزادی کے ساتھ نشر کرتا ہے، اس سے زیادہ میڈیا کی آزاد دنیامیں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جدید خطوط پر استور کررہے ہیں، جب سے یہ اتھارٹی فعال ہوئی ہے ہمارے پاس پاکستان میں داخل ہونے والے پاسپورٹ ہولڈرز کی معلومات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل جتنے بھی غیرملکی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے، ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں غیرملکی پاسپورٹ ہولڈرز لاپتا ہیں اس لیے انہیں ایمنسٹی دی جارہی ہے تاکہ وہ 30 اکتوبر سے پہلے درخواست دیں اور اپنے ملک روانہ ہوجائیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نیکٹا کے لیے مختلف اداروں اور بیوروکریسی سے لوگ شامل کی گئے لیکن ابھی بھرتیاں نہیں ہوئی ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ سقوطِ کابل کے بعد پاکستان کو خطے میں ایک نئی جگہ مل رہی ہے، خطے میں پاکستان کا کردار اہم ہوگیا ہے اس لیے نیکٹا کو فعال اور موثر بنانے کےلیے کوششیں جاری ہیں۔

مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کے سیاسی مستقبل کو مرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، مسلم لیگ (ن)کے قائد ملک آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ یہ صرف سیاسی گند ہی کریں گے،اس سیاسی گند سے زیادہ نقصان ان کی پارٹی کو ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیاسی گند سے زیادہ نقصان ان کی پارٹی کو ہی ہوگا۔

ایک مرتبہ پھر انہوں نے زور دیا کہ میرے پاس کالعدم تنظیم پاکستان تحریک طالبان(ٹی ٹی پی) سے متعلق کوئی خبر نہیں ہے کہ ان کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگر ٹی ٹی پی کے لوگ آئین پاکستان کی حرمت کا پاسداری کرنے کا عزم کرتے ہیں تو میں نہیں سمجھتا کہ اس میں کوئی حرج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ہیں کہ تین چار گروپس نے کالعدم تنظیم میں شمولیت اختیار کی ہے، ہماری کوشش ہے کہ معاملات احسن طریقے سے حل ہوں لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو ہمارے اداروں اور فوج کی صلاحیت بھرپور جواب دے گی۔ مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح میں ہے کہ آٹا، دال، چینی اور گھی سمیت اہم چار ادویات کی قیمتوں کو آئندہ چند روز میں کنٹرول کرلی جائیں گی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان سیکریٹریٹ فاٹا ہاوس اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور چاروں صوبوں، جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کے درمیان روابط بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔