رانا ثنا اللہ

نواز شریف اور شہباز شریف سے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی منظوری لے لی گئی ‘ رانا ثنا اللہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف سے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی منظوری لے لی گئی ہے ،این اے 75سے نوشین افتخار اور پی پی 51سے مسز طلعت منظور چیمہ مسلم لیگ(ن)کی امیدوار ہوں گے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے جن امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان کو تاکید کی جاتی ہے وہ اپنے کاغذات واپس لے لیں،دونوں حلقوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ کے امیدوار اب پارٹی کی نامزد امیدواروں کو مکمل سپورٹ کریں،دونوں حلقوں سے تمام پارٹی ٹکٹ کے امیدوار دونوں لیگی امیدواروں کی بھرپور مہم چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع میں مقامی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداران امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں،دونوں حلقوں میں الیکشن کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیںجو دونوں لیگی امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی کی نائب صدر مریم نواز دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پارٹی کی انتخابی مہم میں شامل ہوں گی۔