لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مخصو ص نشستوں کے نظر ثانی کیس کافیصلہ عدالتی تاریخ میں بد نماداغ ہے.
ان شا اللہ 26 ویں ترمیم ایک دن ضرور ختم ہو گی اور اس کے بعد جو سپریم کورٹ وجود میں آئے گی وہ تسلیم کرے گی یہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی تھا ،مسلم لیگ (ن) اورپیپلز پارٹی کو مال غنیمت سمیٹنے کی دہائیوں پرانی عادت ہے اور ہمیں معلوم ہے یہ اتنی آسانی سے نہیں چُھوٹے گی ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عوام کے ووٹوں پر ڈالے گئے ڈاکے کے خلاف عوامی عدالت سے رجوع کریں گے ،سنجیدہ لوگ واضح انتباہ کر رہے ہیں کہ جبر کاتسلسل ملک کے لئے سود مند نہیں ہے اور اس فیصلے کے بھی انتہائی دوررس نتائج ہوں گے ، یہ فیصلہ انصاف کی روح، عوام کے ووٹ اور نمائندگی کے حق کو روندنے کے مترادف ہے ۔
انہوںنے کہا کہ مخصوص نشستیں مال غنیمت کی طرح انجماعتوں میں بانٹی گئیں جنہیں عوامی حمایت حاصل نہیں اور یہ عمل جمہوریت کا کھلا مذاق ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلط کئے گئے حکمران جو مرضی کر لیں پاکستان کی سیاست سے عمران خان کو مائنس کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی ۔