اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیاگیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ محمود اچکزئی نے درست کہا جس نے چوری کی اس سے کیسے بات ہوسکتی ہے، پہلے ماننا ہو گا پورے نظام نے مل کر عوام کی رائے پر ڈاکا مارا، اگر یہ ڈاکے کو مان لیں پھر شفاف الیکشن پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔سلمان اکرم راجا بولے بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا پی ٹی آئی نہیں اپوزیشن اتحاد بات کرے گا، اگر چوری مانے بغیر بات کرنی ہے تو کسی اور کو ڈھونڈ لیں، انہوں نے سوال کیا کہ مقدمے ہوں، ملنے نہ دیں تو کیسے مذاکرات ہو سکتے ہیں؟
ادھر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا علیمہ باجی نے مذاکرات سے متعلق جو کہا اس پر تبصرہ نہیں کروں گا،،،محمود اچکزئی کے پاس اگر مینڈیٹ ہے تو وہ بات کرلیں۔یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ جو مذاکرات کی بات کرتے ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دے چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی فلور پر بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، انہیں ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں تاہم جائز مطالبات پر ہی مذاکرات ہو سکتے ہیں، مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔









