شارجہ (رپورٹنگ آن لائن)ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے گروپ مرحلے کے اہم مقابلے میں ڈیزرٹ وائپرز نے شارجہ واریئرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف ان کے پلے آف کے امکانات ختم کر دیے بلکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں گروپ اسٹیج میں آٹھ فتوحات حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شارجہ واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ جانسن چارلس 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ جیمز ریو نے 22 اور ریان برل نے 21 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ قیس احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ڈیزرٹ وائپرز کو آغاز میں مشکلات کا سامنا رہا اور پاور پلے میں اسکور 28 رنز پر دو وکٹیں گر چکیں تھیں تاہم میکس ہولڈن اور کپتان سیم کرن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔
میکس ہولڈن نے 46 گیندوں پر ناقابلِ شکست 66 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ حسن نواز نے 14 گیندوں پر 25 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر میچ کا فیصلہ کن کردار ادا کیاجبکہ سیم کرن نے 25 رنز اسکور کیے۔شارجہ واریئرز کی جانب سے ہرمیت سنگھ نے 29 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کر کے دباؤ پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم حسن نواز اور میکس ہولڈن کے درمیان 47 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت نے ڈیزرٹ وائپرز کو 19.3 اوورز میں فتح دلا دی۔









