کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 169

نسیم شاہ کی تباہ کن بائولنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی کامیابی دلادی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوجوان فاسٹ بائولر کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا،نسیم شاہ نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،فاتح ٹیم نے 114رنز کا مطلوبہ ہدف 16ویں اوور کی پانچویں گیند پر محض 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،نسیم شاہ کو شان دار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ہفتہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے چوتھے میچ میں مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز احسان علی اور ول سمیڈ نے پراعتماد آغاز کرتے ہوئے 76 رنز کی شراکت قائم کی۔احسان علی نے ناقابل شکست 57اور ول سمیڈ نے 30رنز بنائے۔یہ احسان علی کی ایونٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔

کپتان سرفراز احمد 16 اسکور پر ناٹ آئوٹ رہے۔محمد عمران نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو نسیم شاہ کی تیز رفتار بائولنگ کی سامنے کراچی کنگز کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 17.3 اوورز میں 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کپتان بابر اعظم سمیت کراچی کنگز کے صرف چار کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔بابر اعظم 32، عماد وسیم 26، عامر یامین 20 اور شرجیل خان نے 10 رنز بنائے۔نسیم شاہ نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سہیل تنویر نے 2 جبکہ جیمز فالکنر، محمد نواز اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔نسیم شاہ کو شان دار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں