لاہور(رپورٹنگ آن لائن)نرسنگ کالج سروسز ہسپتال کے فائنل ایئر امتحان کا نتیجہ 100فیصد رہا، پرنسپل اسما ء تاج نے شاندار نتائج پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کی تعلیم میں اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کر کے طالبات نے والدین، اساتذہ اور کالج کا نام روشن کیا ہے جو ان کی محنت کاثمر ہے۔
اسماء تاج نے کہا کہ نرسنگ کا فائنل امتحان پاس کرنے والی خواتین کا فرض ہے کہ وہ اپنے اسی جذبے کو قائم رکھتے ہوئے محنت، پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ عملی میدان میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت کو شعار بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آ ف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے نرسنگ کی درس و تدریس کے معیار کو اعلیٰ بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک سونپا تھا جس پر فیکلٹی ممبران ان کے اعتماد پر پورا اترے۔ انہوں نے نرسنگ طالبات پر زور دیا کہ نرسنگ کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے اپنی جد و جہد جاری رکھیں اور مختلف شعبہ جات میں سپیشلائزیشن کو ترجیح دیں۔جو آج کے میڈیکل ورلڈ کی ضرورت ہے۔
اسماء تاج نے امید ظاہر کی کہ نرسنگ کالج سروسز ہسپتال کی اساتذہ اسی محنت کے ساتھ طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں گی تاکہ وہ پیشہ ورانہ زندگی میں ہونہار نرس بن کر میدان عمل میں اتریں اور مادر علمی کا نام روشن کریں۔ پنجاب نرسنگ بورڈ کے امتحانات میں کلاس چہارم کی طالبات نے پاس ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور مریضوں میں میٹھائی تقسیم کی۔ اسماء تاج کا کہنا تھا کہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی نرسنز طالبات کو تعارفی اسناد سے بھی نواز جائے گا۔