نرسنگ کالج جنرل ہسپتال

نرسنگ کالج جنرل ہسپتال میں انسٹرکٹرز کے عہدے پر ترقی و تعیناتی پر تقریب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال حمیدہ سرور نے کہا کہ نرسنگ کی پیشہ وارانہ تربیت میں ان کی انسٹرکٹر ز کا بہت کلیدی کردار ہوتا ہے اور وہ نئی آنے والی نرسز کو اپنے طویل تجربہ اور زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم و تربیت سے آراستہ کرتی ہیں جو انہیں عملی زندگی میں کامیابی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینئر نرسز کو اساتذہ کا درجہ ملنا کسی اعزاز سے کم نہیں جس سے بلا شبہ اُن کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔ وہ نرسنگ انسٹرکٹرز کے عہدہ پر ترقی پانے والی نرسزکے اعزا ز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں سابق نرسنگ سپرٹینڈنٹ رقیہ بانو، کالج کی فیکلٹی ممبران، اظہرہ پروین، شہناز ڈار، نسرین نذیر، کوثر پروین،کلیسٹین حمیدہ سرور، زبیدہ بانو، راحت افزا،اظہرہ سلطانہ، صابرہ سعید، رمضانہ بی بی، اظہرہ یعقوب اور نسرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر رقیہ بانو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شروع سے ہی نرسنگ طالبات کو گجیٹسGadgets کا استعمال سکھانا چاہئے اور ہر طالبہ کیلئے کمیوٹر کی تربیت بھی ان کی تعلیمی سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ وہ ترقی یافتہ ممالک میں آئے دن صحت کے شعبے میں ہونے والی نئی جدت سے اپنے آپ کو آگاہ رکھ سکیں اور اپنی علمی استعدادااپ ڈیٹ رکھیں جو ان کی پیشہ وارانہ سروسز کے معیار کیلئے نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ آج نرسز کے شعبے کوپہلے سے کہیں زیادہ احترام و اہمیت حاصل ہے، ماضی میں نظر انداز رہنے والا یہ پروفیشن اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس شعبہ سے منسلک خواتین کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبہ میں تنخواہ کا پرکشش پیکچ، مراعات و گریڈ بھی بہت بہتر دئیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب نرسز اپنی محنت، قابلیت اور ٹیلنٹ کی بنیاد پر گریڈ 20میں پہنچ رہی ہیں جو کسی بھی سرکاری ملازم کیلئے بہت عزت کا مقام ہوتا ہے۔اظہرہ پروین اور شہناز ڈار نے نئی انسٹرکٹرز سے کہا کہ وہ اپنی طالبات کو انتہائی پیشہ وارانہ لگن، محنت کے ساتھ زیور تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ یہ نوجوان نرسز نا صرف دکھی انسانیت کی خدمت انسانی جذبہ کے ساتھ سر انجام دیں بلکہ انہیں بھی ملازمت کے دوران ترقی کے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں۔ تقریب کے اختتام پر ترقی پا نے والی سینئر نرسز کو گلدستے پیش کئے گئے اور ان کی کامیابی و مزید ترقی کیلئے دعا بھی کی گئی۔