ادارہ برائے شماریات

نان ٹیکسٹائل برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 2.38 فیصد اضافہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نان ٹیکسٹائل برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 2.38 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے پہلے8ماہ کے دوران نا ٹیکسٹائل برآمدات سے 9.66 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا تاہم جاری مالی سال میں جولائی تا فروری کے دوران نان ٹیکسٹائل کی برآمدات کا حجم 9.89 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں نان ٹیکسٹائل قومی برآمدات میں 0.23 ارب ڈالر یعنی 2.38 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں کے دوران انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 19.05 فیصد ،سیمنٹ کی برآمدات میں 38.05 اور جفت سازی کی برآمدات میں 15.48 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔

دوسری جانب چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 5.3 فیصد ، قالین اور پارچہ جات کی برآمدات میں 7.12 فیصد جبکہ کمی واقع ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال کے دوران نان ٹیکسٹائل برآمدات 24.95 فیصد کے اضافہ سے 11.22 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 14.02 ارب ڈالر تک بڑھی تھیں۔