لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضی نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم اور بے توقیر وزیراعلی نے ملک کو تباہ کردیا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی محکمہ صحت کے ملازمین کیساتھ ہے، ہم نے ملازمین کی تنخواہوں میں 138 فیصد اضافہ کیا تھا اور پیپلزپارٹی نے لوگوں کو نوکریاں دی تھیں، پیپلزپارٹی پر لوگوں کو نوکریاں دینے مقدمات درج کیے جاتے ہیں، اگر نوکریاں دینا تنخواہوں میں اضافہ کرنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کریں گے۔
حسن مرتضی نے لاہور میں محکمہ صحت کے ملازمین کے دھرنے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت کے لوگوں کو نوکریوں سے نکالنے کے فیصلوں کو عدالتوں میں چیلنج کیا ہے، اس نااہل وزیراعظم و بے توقیر وزیراعلی نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کا کہنا ہے کہ میں محکمہ صحت ماں بچہ پروگرام کے مسائل کو اسمبلی میں بھی اٹھاں گا، ہمارے عوامی مارچ میں آپ کے مسائل کا ایجنڈا بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نااہل وزیروں میں شیلڈز تقسیم کر رہے ہیں، جن کی کارکردگی پر ٹرانسپرنسی نے سوالات اٹھائے وہ بھی داد حاصل کررہے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ہماری مائیں، بہنیں آج سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہیں جو خواتین کی عزت نہ کریں وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں میں بھی باہر نکلوں گا، دعوی کرتا ہوں اگر عمران خان بغیر پروٹوکول سڑکوں پر نکلے تو لوگ ان کے کپڑے پھاڑ دیں گے۔
حسن مرتضی نے مزید کہا کہ لوگ غریب ہو رہے ہیں وزیراعظم کا ٹیکس ڈبل ہو رہا ہے یہ کونسا کاروبار ہے عمران خان کا، انکا کچن تو کوئی اور چلاتا ہے یہ لوگوں کا نوالہ چھین رہے ہیں۔