لاہور (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہو میاں خرم الیاس نے ملک میں رواں مالی سال کے پہلے10ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 23 فیصد کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی ادارے بیورو آف شماریات کی رپور ٹ کے مطابق جولائی سے اپریل کی مدت میں ملک میں 1.17ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کار ی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23فیصد کم ہے ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین سہیل اکبر،احسن منیر چاولہ وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میںملک میں524ار ب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔اپریل میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کار ی کا حجم122ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلہ میں29فیصد کم ہے۔گزشتہ سال اپریل میںملک میں171ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی
۔انہوںنے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے ساز گار ماحول اور مراعاتی پیکیج کا اعلان کرے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کریں اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے ۔میاں خرم الیا س نے کہا کہ تجارتی سہولتی اقدامات ،معاشی سرگرمی کو بڑھانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے ،برآمدات میں اضافہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا باعث بنیں گے تجارتی سہولیات میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور ملکی برآمدت میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔