خواجہ احمد حسان

(ن) لیگ نے ہمیشہ عوامی فلاح کے لئے کام کیا ، خواجہ احمد حسان

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹرخواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،

مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوامی فلاح کے بڑے منصوبے لگائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جو ذمہ داری مجھے سونپی تھی اسے نبھانے کی بھرپور کوشش کی ، عوام کو سہولیات فراہم کرنے پر لاہور انتظامیہ اور اداروں کا مشکور ہوں، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی سی رافعہ حیدر، چیف ایگزیکٹو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابر صاحب دین اور ایم ڈی واسا چوہدری غفران احمد کا عوامی فلاحی کاموں کے حل کیلئے کلیدی کردار رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت کا وژن ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جا ئے، وزیراعظم اور انکی ٹیم نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ کھڈیاں قصور کے جلسے میں عوام نے مسلم لیگ(ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا اورکامیاب عوامی جلسے نے محمد شہباز شریف اور ان کی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کر کے عوامی تائید کی مہر ثبت کر دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام ترقیاتی اداروں کے سربراہان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے عوامی خدمات میں ہماری بھرپور معاونت کی۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کو پورا کرنے کی بھر پور کوشش کی،میں نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے بڑی جدو جہد کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر نگران سیٹ اپ بن جائے گا،جس کے بعد جلد الیکشن ہو جائیں گے،انشااللہ لاہور کی عوام نے جو اعتماد کیا ا ن کو مایوس نہیں کریں گے ،مسلم لیگ (ن) نے فلاح و بہبود کیلئے متعدد کام کئے۔

انہوں نے کہا کہ2022ء میں مسلم لیگ (ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا لیکن مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کی انتھک محنت سے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے مشکل فیصلے لیے اور اپنے سیاسی کیریئر کودائو پر لگایاجس کا مقصد ملک کو بچانا تھا،ہم نے ریاست کو بچاکر اپنی سیاست کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کو چلانا آسان نہیں ہوتا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنی ذات سے ہٹ کر پاکستان کے لیے کاوش کی،آنے والا کل مسلم لیگ (ن)کا ہے۔