لاہور(رپورٹنگ آن لائن) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دورمیں 7سے 8فیصد شرح سے 14ارب ڈالر کے مہنگے کمرشل قرضے لئے جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ،موجودہ حکومت کوملنے والے تمام قرضے رعایتی ہیں اور ان کی شرح 3فیصد یا اس سے کچھ زیاد ہ ہے ،سیاسی مخالفین کو بغض کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ۔
حلقہ این اے 127کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے دورمیں بڑے بڑ ے منصوبوں کے دعوے کرتے نہیں تھکتی لیکن ان سے پوچھا جائے کہ بیرونی قرضے ڈالرز میں لئے گئے ہیں کیا ایک بھی ایسا منصوبہ لگایا گیا ہے جو فارن ایکسچینج کما سکے اور اس سے قرضوں کی واپسی ہو ۔ ہمیں حقیقت پسندہونا پڑے گا وگرنہ ہماری مشکلات کبھی کم نہیں ہوں گی ۔
مسلم لیگ (ن ) کی حکومت جاتے ہوئے 20ارب ڈالر کا کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ چھوڑ کر گئی جس کی وجہ سے ہمیں دنیا میں دوڑنا پڑا لیکن موجودہ حکومت اسے کم کر کے انتہائی کم سطح پر لے آئی ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت غریب طبقات کےلئے فکر مند ہے اسی تناظر میں ہم نے ”احساس “پروگرام کا آغاز کیا اور مشکلات کے باوجود اس کےلئے خطیر رقم مختص کی گئی ،جیسے جیسے ہمارے معاشی حالات بہتر ہوتے جائیں گے عوام کی زندگیوںمیں خوشحالی اور آسودگی آئے گی ۔









