پروفیسرالفرید ظفر

میڈیکل کی تعلیم محنت طلب، سپورٹس سٹوڈنٹس کی ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے ضروری:پروفیسرالفرید ظفر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) میڈیکل کی تعلیم کے حصول کیلئے طلباو طالبات کو انتہائی محنت، توجہ اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصابی سرگرمیوں میں ہمہ وقت مصروف رہنا پڑتا ہے تاہم غیر نصابی سرگرمیاں اور سپورٹس نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما اور ترو تازہ رکھنے کیلئے ضروری ہیں کیونکہ قابل قوم تیار کرنے کے لئے نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور انہیں ہمہ جہت بنانے پر خصوصی توجہ دینا نا گزیر ہے تاکہ صحیح معنوں میں ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے گورنمنٹ امیر الدین میڈیکل کالج کے سپورٹس گالہ کی اختتامی تقریب اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ شہاب خواجہ، پروفیسر محمد معین، پروفیسر محمد شاہد، ڈاکٹر روزینہ شہادت،ڈاکٹر شازیہ اکبر خان سمیت فیکلٹی ممبران اور سٹوڈنٹس کی کثیرتعداد نے شرکت کی جبکہ طلبا نے انتہائی جو ش وخروش سے حصہ لیا، نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور بہترین پرفارمنس سے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبا وطالبات میں ایک دوسرے سے مسابقت لے جانے کے ساتھ ساتھ صحت مند مقابلے کا رحجان بڑھتا ہے اور اُن کی مخفی صلاحیتیں بھی اجاگر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے میدان آباد ہونے سے نوجوان نسل منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہتے ہیں جو صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے بھی انتہائی ضروری ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین یڈیکل کالج کے طلبا و طالبات نہ صرف تعلیمی میدان میں صوبے کے دیگر میڈیکل کالجز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے اپنا مقام پیدا کر رہے ہیں بلکہ کھیلوں کے علاوہ ادبی ولٹریری سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ طلبا کے لئے ادبی نشستوں، مشاعروں،تقریری اور فن و لطیفہ کے دیگرشعبوں مصوری،خطاطی میں بھی مقابلے منعقد کر کے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے میڈیکل سٹوڈنٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دیں کیونکہ ایک اچھا ڈاکٹر بننے کے لئے انتہائی محنت اورعرق ریزی کی اشد ضرورت درپیش ہوتی ہے جو مستقبل میں انہیں ایک کامیاب معالج بن کر مریضوں کی خدمت کرنے اور میڈیکل پروفیشن میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی امیر الدین میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی طرف سے میڈیکل کے طلبا و طالبات کو فراہم کیے جانے والے ماحول کو سراہا اور بالخصوص سپورٹس گالہ کے ہر سال انعقاد کی تعریف کی۔