ڈاکٹر عشرت العباد خان 68

میری پہچان پاکستان ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ،ڈاکٹرعشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ و سربراہ میری پہچان پاکستان (ایم پی پی ) ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ میری پہچان پاکستان ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور فیلڈ مارشل کے ویژن اور پاکستان کی سلامتی کے لئے ہر اول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے۔

ہمارا نعرہ ریاست پہلے سیاست بعد میں آج ملک بھرکا نعرہ ہے۔ جو ہمارے ویژن کی جیت ہے۔ انہوں نے یہ بات لانڈھی ٹائون کے ٹائون اور یو سی ذمہ داران سے ویڈیو لنک سے خطاب میں کہی۔ جوائنٹ انچارج مرکزی کمیٹی فاروق ملک ، مرکزی رہنما عامر علی اور تمام زمہ داران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ملک میں جاری سیاسی حالات اور پاکستان کی تعمیر و ترقی و سلامتی اور بقاء کے لئے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں شرافت اور ملک سے محبت ہو تو وہ سب کے لئے قابل احترام ہے لیکن اگر کوئی سوشل میڈیا یا ملک کی سیکورٹی فورسز اور ملک دشمن سوچ رکھتا ہو تو ہم اسکو ملک کے لئے قابل قبول نہیں سمجھتے۔

میری پہچان پاکستان ملک بھر کی اکائیوں کو جوڑنے کا نام ہے ہم بنیان المرصوص کے بعد اور انڈر 19کرکٹ ٹیم نے ایشین چیمپئین بننے اور بھارت کو عبرت ناک شکست دے کر ملک کا نام روشن کیا۔ آج بھارت بنگلہ دیش میں نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے اور اسے اب بین الاقومی دہشت گرد سڈنی ، کینیڈا اور بنگلہ دیش واقعات کے بعد اقوام متحدہ کو Declareاعلان کردینا چاہئے۔ خطے کے لئے بھارت اقلیتوں کیساتھ بدترین سلوک اور دہشت گردی کے بعد دنیا کے سامنے آچکا ہے۔ خوارجیوں کی سرپرستی اور افغانستان کے زریعے جارحیت بھی ڈھکی چھپی نہیں ہماری سیکورٹی فورسز انہیں جہنم واصل بھی کر رہی ہیں اور اپنی شہادتوں کے باوجود ملک کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں ۔ہمارا بیانیہ اپنی تحریک شروع کرتے وقت جو تھا آج پورے پاکستان کی سوچ سے مطابقت رکھتا ہے۔

انہوں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پورے پاکستان میں ہمارے ساتھی بہترین ورکنگ کر رہے ہیں اور ملک کے لئے ہماری جدوجہد کو دیکھ کر شامل ہو رہے ہیں ۔ فاروق ملک نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان ملک کے لئے ناگزیر ہو چکے ہیں ۔ انکی کارکردگی کو لوگ یاد کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر عشرت العباد کی رہنمائی میں قافلہ ملک بھر میں متحد و منظم ہوچکا ہے ۔عامر علی نے کہا کہ ایم پی پی ایک حقیقت ہے اور ہم عوام کی خدمت بھی کر رہے ہیں جسکے لئے اقتدار میں ہونا ضروری نہیں ۔ آخر میں تمام شرکاء نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور انکی قیادت میں ملک کو مضبوط اور نوجوانوں میں ایک نئی روح پھونکنے والا رہنما قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں