لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں میرا نام ایک ریکارڈ میں سنیل گواسکر، چتیشور پجارا اور ویرات کوہلی سے اوپر ہے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کہا کہ ایشیا کے بیٹرز میں میرے تھوڑے بہت ریکارڈز ہیں۔فواد عالم نے کہا کہ ایک ریکارڈ مجھے اچھی طرح یاد ہے جو سنچریوں کا ہے جس میں پچاس کیے بغیر جن کھلاڑیوں نے سنچری بنائی ہے اس میں میرا نام دوسرے نمبر پر ہے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ ایشیا میں تیز ترین پانچ سنچریوں میں میرا نام پہلے نمبر پر ہے اس کے بعد سنیل گواسکر، یونس خان، ویرات کوہلی، چتیشور پجارا کا نام آتا ہے۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے 19 ٹیسٹ میچ کی 39 اننگز میں 1011 رنز بنائے ہیں، ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے پانچ سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔انہوں نے 38 ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک سنچری اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 966 رنز بنائے ہیں۔









