ینگون(ر پورٹنگ آن لائن)اقوام متحدہ نے میانمار میں بڑی تعداد میں فوجیوں کے متحرک ہونے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق میانمار کے امور کے نگران ٹوم اینڈروز نے بتایا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق ملک کے شمال اور شمال مغرب میں ہزاروں فوجیوں اور بھاری ساز و سامان کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ وہاں کسی بڑے آپریشن کی آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
میانمار میں رواں سال فروری میں فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک گیارہ سو شہریوں کو ہلاک اور آٹھ ہزار سے زائد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اینڈروز نے میانمار کے بارے میں اپنی رپورٹ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو پیش کی، جس میں فوجی جنتا کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا تذکرہ ہے۔









