مرتضیٰ وہاب 12

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مواچھ گوٹھ بلدیہ میں دیوار گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مواچھ گوٹھ بلدیہ میں دیوار گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور بارش کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات ناقابلِ تلافی ہیں، انہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، میئر کراچی نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی،انہوں نے کہا کہ درخت گرنے اور دیگر شکایات پر محکمہ انسداد تجاوزات، میونسپل سروسز، سٹی وارڈنز اور اربن ریسکیو کی ٹیمیں شہر بھر میں متحرک ہیں ،پانی کی نکاسی اور ٹریفک کی بحالی ممکن بنائی جارہی ہے،

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ شب شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس میں شارع فیصل، شاہراہ قائدین، نرسری، مائی کولاچی روڈ، بوٹ بیسن، دو تلوار اور آئی آئی چندریگر روڈ شامل ہیں، اس موقع پر انہوں نے نرسری کے مقام پر پانی کی نکاسی کے کام کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ پانی کو جلد از جلد صاف کیا جائے۔ ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر ابرار احمد جعفر، ایم ڈی واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی ،ٹاؤن چیئرمین چنیسر فرحان غنی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ مزید بارش کے امکان کے پیش نظر شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام ادارے الرٹ ہیں،

انہوں نے محکمہ پارکس کو گرے ہوئے درخت فوری ہٹانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی ہدایت دی جبکہ واٹر کارپوریشن کا عملہ بھی نکاسی آب کے عمل میں شریک ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بجلی کے کھمبوں اور آلات سے دور رہیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں،انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سیل فعال ہے اور کسی بھی شکایت کے لیے ہیلپ لائن سے رابطہ کریں،تمام عملہ اور مشینری مختلف علاقوں میں تعینات ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں