فواد چوہدری

مہنگائی نے میرا بھی بیڑہ غرق کر دیا، فواد چودھری مان گئے

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراطلاعات فواد چودھری بھی مان گئے کہ مہنگائی نے ان کا بیٹرہ غرق کر دیا ہے، ہفتہ کوایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وہ اچھی خاصی تنخواہ لے رہے تھے، اب 2، اڑھائی لاکھ پر آ گئے ہیں اور مہنگائی سے ان کا بیٹرہ غرق ہو گیا ہے،

فواد چودھری نے خود کو غریب آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ مہنگائی ہوئی ہے اور تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے اور انہیں مہنگائی کی چبھن زیادہ ہوئی ہو گی،وزیراطلاعات نے انوکھی منطق پیش کی کہ مہنگائی سے پورا پاکستان متاثر نہیں ہوا اگر ایسا ہوتا تو گھی، ڈیزل اور پٹرول کی کھپت میں اضافہ نہ ہوتا، ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل اور پیٹرول سب سے مہنگا ہونے کے باوجود اس کی کھپت میں 26فیصد اضافہ ہوا ہے،بجلی مہنگی ہے مگر اس کی کھپت بھی 13فیصد بڑھ گئی ہے،وزیراطلاعات نے کہا کہ مہنگائی سے کچھ طبقات متاثر ہوئے ہیں، زیادہ لوگوں کو اثر نہیں پڑا۔