شہبازشریف 33

موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے،وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے،این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی کار کردگی پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم نے این ایچ کی آمدنی میں اضافے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات پر مؤثر طور سے عملدرآمد، سروس ایریاز کی بہتری اور دیگر اقدامات پر وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور انکی ٹیم کی پزیرائی کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے۔ انہوںنے کہاکہ موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کو این ایچ اے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2024 کی نسبت مالی سال 2025 میں این ایچ کی آمدن 66.8 ارب روپے سے بڑھ کر 109 ارب روپے تک پہنچ گئی، آمدن میں 63 فیصد اضافہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر این ایچ اے کے ٹول ٹیکس وصولی اور دیگر اقدامات سے ممکن ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2024 کی نسبت 2025 میں موٹر ویز پر ایم ٹیگ کی تعداد 20 سے بڑھ کر 81 فیصد ہو گئی. ہائی ویز اور موٹر ویز پر ایکسل لوڈ کی پابندی کی شرح بھی بالترتیب 90 اور 95 فیصد تک پہنچ گئی جس سے نہ صرف حادثات میں کمی جبکہ سڑکوں پر دباؤ میں کمی اور انکی میعاد میں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موٹر ویز پر موجود سروس ایریاز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی سروس ایریاز بنائے جارہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال موٹرویز پر ایئر ایمبیولینس سروس متعارف کی جائیگی، علاوہ ازیں موٹروے کے تمام انٹر چینجز پر 1122 کی سروس ہر وقت تیار رہتی ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ این ایچ اے کے اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ (این 5) اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی اپرگریڈیشن مکمل ہو چکی ہے۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ مواصلات اور انکی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف اور جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات عبدلعلیم خان ،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور اعلی سرکاری حکام شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں