امیر مقام 42

موجودہ حکومت کی شبانہ روز محنت اور بروقت فیصلوں کے باعث پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، امیر مقام

پریٹوریا(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نیوزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی شبانہ روز محنت اور بروقت فیصلوں کے باعث پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے،

بھارتی جارحیت کے بعد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کے مفادات کا ڈٹ کر دفاع کیا، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلاتِ زر پاکستان سے محبت اور اعتماد کا عملی ثبوت ہیں،کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے اور اس دیرینہ مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ۔وہ نیپریٹوریا ، لوڈیم ، ساؤتھ افریقہ میں پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں پاکستان کے ہائی کمشنر ملک محمد فاروق، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے حاضرین کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 2025 پاکستان کیلئے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا۔انہوںنے کہاکہ دفاع، معیشت، سفارت کاری، کھیل اور دیگر شعبوں میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی شبانہ روز محنت اور بروقت فیصلوں کے باعث پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اسلحے پر غرور کرنے والے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کے مفادات کا ڈٹ کر دفاع کیا۔ یہ جنگ پوری پاکستانی قوم نے اتحاد کے ساتھ لڑی اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پر کسی بھی نوعیت کا حملہ ہوا تو ہر محبِ وطن پاکستانی معرکہ حق کی طرح بھرپور جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلاتِ زر پاکستان سے محبت اور اعتماد کا عملی ثبوت ہیں،دسمبر میں 3.59 ارب ڈالر کی ترسیلات زر نے قومی معیشت کو مضبوط سہارا دیا،

بیرونِ ملک مقیم پاکستانی دراصل پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں جنہوں نے محنت، قربانی اور عزم کے ساتھ میزبان ممالک میں اپنا مقام بنایا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کر دیا گیا ہے اور ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری کیلئے ون ونڈو سہولت قائم کی گئی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانی بااعتماد انداز میں سرمایہ کاری کر سکیں۔مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے اور اس دیرینہ مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

اس سے قبل پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میاں نصیر احمد نے مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تعاون کی اپیل کی۔تقریب سے معروف صحافی یوسف ابرام جی اور مقامی کونسلر نعیم پٹیل نے بھی خطاب کیا اور پاکستان و ساؤتھ افریقہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ہائی کمشنر ملک محمد فاروق نے وفاقی وزیر کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اوورسیز کمیونٹی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب میں ڈپٹی ہائی کمشنر حسن ربانی، پریس اتاشی سعد نواز، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے صدر شاہد چوہان، ڈاکٹر شبیر حسین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب کے اختتام پر مفتی اعظم افریقہ مفتی محمد اکبر ہزاروی نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور سربلندی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں