منیشا کوئرالہ 42

منیشا کوئرالہ کی بڑی اسکرین پر واپسی، نامور اداکار کیساتھ فلم سائن کر لی

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)نامور بھارتی اداکارہ منیشا کوئرالہ کی ایک بار پھر بڑی اسکرین پر واپسی متوقع ہے کیونکہ انہوں نے بالی وڈ کے نامور اداکار و فلمساز کے ساتھ فلم سائن کر لی ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق تقریبا 2 سال قبل منیشا کوئرالہ نے ہیرا منڈی ویب سیریز کے ذریعے او ٹی ٹی کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس نیٹ فلکس سیریز میں انہوں نے ملکہ جان کا کردار نبھایا تھا جسے بے حد سراہا گیا۔ویب سیریز ہیرا منڈی کو یکم مئی کو 2 سال مکمل ہو جائیں گے، تاہم اس سالگرہ سے چند ماہ قبل ہی باصلاحیت اداکارہ منیشا کوئرالہ نے اپنی اگلی فلم رازدار پر کام شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ہیرا منڈی میں منیشا کوئرالہ کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا اور ان کے پاس پیشکشوں کے ڈھیر لگ گئے، مگر اداکارہ واضح تھیں کہ وہ صرف مضبوط اور جاندار کردار ہی قبول کریں گی اور ہم خیال لوگوں کے ساتھ کام کریں گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ منیشا کوئرالہ کی ایک نوجوان اداکار کے ساتھ فلم کیلئے بات چیت آخری مراحل میں تھی لیکن وہ بات بن نہ سکی اور بعد میں وہ فلم ہی روک دی گئی، اسی دوران انہیں رازدار کی پیشکش ہوئی جو ان کے تمام معیار پر پوری اتری اور یوں انہوں نے یہ فلم سائن کر لی۔باکس آفس ورلڈ وائیڈ کے مطابق فلم رازدار کی شوٹنگ رواں سال کے شروع میں شروع ہوئی تھی،

فلم کی ٹیم نے بھوپال، مدھیہ پردیش میں 25 دن کا شوٹنگ شیڈول مکمل کیا اور پھر ممبئی میں 10 دن تک عکس بندی کی۔مزید بتایا گیا کہ اس فلم میں ارباز خان اور فلم فرضی کی شہرت یافتہ بھون اروڑا بھی شامل ہیں۔ ارباز خان اپنے بینر ارباز خان پروڈکشن کے تحت اس فلم کو پروڈیوس بھی کر رہے ہیں۔منیشا کوئرالہ اور ارباز خان پہلی بار ایک ساتھ نظر نہیں آ رہے بلکہ اس سے قبل وہ 2005 کی تاریخی فلم تاج محل: این اٹرنل لو اسٹوری میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں