لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان ٹیکس بار کے سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمان زبیری نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے معاشی اہداف کا حصول اور بحرانوں پر قابو نہیں پایا جا سکتا بلکہ اس کے نفاذ سے مزید بیگاڑ پیدا ہو گا،صنعتوں کی مشینری کی درآمد سے درآمدی بل میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے لیکن ہم برآمدات میں اس طرح اضافہ نہیں کر سکے جس کی ضرورت ہے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معاشی بالادستی خطے میں خارجی و داخلی اور معاشی ساز گارحالات پیدا کرے گی ا س لئے معاشی خود مختاری پاکستان کے لئے نا گزیر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر پوائنٹ آف سیلزسسٹم کے لئے مشاورت کو یقینی بناکر ایک ہزار ارب زیادہ ٹیکس آمدن اکٹھی کر سکتی ہے ،ریٹیلرز کو جرمانے اور خوف و ہراس کا شکار نہ کیا جائے بلکہ انہیں اعتماد میں لیا جائے،ایف بی آر کے افسران مارکیٹوں میں جاکر بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیں اور پوائنٹ آف سیلز سسٹم لگائیں۔ جب مشاورت سے آگے بڑھا جائے گا تو پھر چور راستے بھی اختیار نہیں کئے جائیں گے ۔









