لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) حکومت پاکستان کے ویژن اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق تعمیراتی شعبے کی ترقی اور مناسب قیمتوں پر گھروں کی تعمیر میں مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام اور حبیب میٹرو بینک کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔
جس کے تحت زمین ڈاٹ کام اور حبیب میٹرو بینک صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں گھروں کی تعمیر سے متعلق معاونت فراہم کریں گے۔معاہدے کے مطابق زمین ڈاٹ کام ااورحبیب میٹرو بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو مؤثر انداز میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین تک پہنچایا جائے گا، اور حبیب میٹرو بینک کی ہوم فنانسنگ کی سہولت بھی زمین ڈاٹ کام کے توسط سے صارفین کو فراہم کی جائے گی۔
اس حوالے سے لاہور میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں زمین ڈاٹ کام کے سینئر ڈائریکٹر سنٹرل شیخ شجاع اللہ خان اور حبیب میٹرو بینک کے ریجنل بزنس ہیڈ عامر حمید پراچہ نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے، تقریب میں زمین ڈاٹ کام کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر سیلز محمد حسن، مینجر کارپوریٹ سیلز محمد عمر فاروق، اسسٹنٹ مینجر کارپوریٹ زائرہ جاوید جبکہ حبیب میٹرو بینک کے پراڈکٹ ہیڈ مورٹ گیجز فہد منظور، پراڈکٹ مینجر مورٹ گیجز ند ا حمیداور ریجنل سیلز مینجر کاشف گلزار نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر زمین ڈاٹ کام کےسینئر ڈائریکٹر سنٹرل شیخ شجاع اللہ خان نے حبیب میٹرو بینک کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور بینکنگ سیکٹر کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حبیب میٹرو بینک کے ساتھ مل کر صارفین کو مالی معاونت اور رہنمائی فراہم کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی تعمیرو ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے حبیب میٹرو بینک سے مالی معاونت حاصل کرنے والے شہریوں کوزمین ڈاٹ کام کی جانب سے ون ونڈو کے تحت بھرپور رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔
حبیب میٹرو بینک کے ریجنل بزنس ہیڈ عامر حمید پراچہ کہنا تھا کہ زمین ڈاٹ کام کے ساتھ معاہدہ باعث افتخار ہے ۔ حبیب میٹرو بینک سے گھروں کی تعمیر کے لئے مالی معاونت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد اب یہ سہولت زمین ڈاٹ کام کے توسط سے بھی حاصل کر سکتے ہیں، جو کہ زمین ڈاٹ کا م کے آن لائن پلیٹ فارمز کی بدولت اب مزید آسان ہے۔