لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکمران عوام کو معیشت کی کاسمیٹکس والی تصویر دکھا رہے ہیں جبکہ اصل صورتحال اس کے برعکس ہے .
ملک کو درپیش مسائل بیگاڑ کی صورت اختیار کرتے جارہے ہیں ،آئین اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک کی مشکلات کبھی ختم نہیں ہو سکتیں ،پی ٹی آئی عوام کے حق کیلئے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک جن گھمبیر چیلنجز میں گھرا ہوا ہے ان کے حل کیلئے جو مشکل فیصلے کرنے ہیں موجودہ حکومت اس کا مینڈیٹ نہیں رکھتی ، قرض کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر آنکھیں بند کر کے عمل کرنے کی پالیسی درست نہیں ۔
انہوںنے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت قرضوں کے بل بوتے پر مضبوط نہیں ہوتی بلکہ اس کے لئے ہر طرح کے کاروبار کے لئے ماحول کو سازگار بنایا جائے تاکہ معیشت کو تحرک ملے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا شروع دن سے ایک ہی موقف رہا ہے کہ اگر ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو قانون کی حکمرانی کو رائج کرنا ہوگا ، قانون کو پائوں تلے روندنے کی وجہ سے ملک آج اس نہج پر پہنچا ہے کہ مشکلات نے ہمارے ملک کو چاروں اطراف سے گھیر رکھا ہے ۔









