فرخ حبیب

ملک میں ڈیمز بنارہے ہیں، ہمیں سستی بجلی کی ضرورت ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیمز بنارہے ہیں، ہمیں سستی بجلی کی ضرورت ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ کے شعبے کی شرح نمو 9 فیصد ہو گئی، کرنٹ اکائونٹ خسارہ دس ماہ سے سرپلس ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ آ چکے ہیں، حکومت کی پالیسیوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔

بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ حکومت کے عوام دوست اقدامات کی بدولت عام عوام کی قوت خرید میں 36.6فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ ملک کی ایکسپورٹ میں 13 فیصد اضافہ ہو جو ایک نیا ریکارڈ ہے، تعمیرات سمیت ہر شعبے سے منسلک لیبر کی اجرت میں 29 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے تمام تر مطالبات کے باوجود وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے اور 150 ارب کے ڈائریکٹ ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ کے شعبے کی شرح نمو 9 فیصد ہو گئی، کرنٹ اکائونٹ خسارہ دس ماہ سے سرپلس ہے۔

وزیر مملکت نے کہاکہ ایف بی آر نے پہلے 11 ماہ میں 4170 ارب روپے ٹیکس وصولی کی ہے، زرعی شعبے کی شرح نمو 2.77 فیصد ۔ وزیر مملکت نے کہاکہ پرائمری بیلنس پانچ سال میں پہلی مرتبہ سرپلس ہوا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی، خام تیل، پٹرولیم مصنوعات، خوردنی تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ وزیرمملکت نے کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ آ چکے ہیں، حکومت کی پالیسیوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔

فرخ حبیب نے کہاکہ پام آئل کی قیمت عالمی منڈی میں 102 فیصد بڑھی ہے، ہم نے صرف 20 فیصد کا اضافہ کیا ہے، عالمی منڈی میں سویابین آئل کی قیمت 119 فیصد بڑھی ہے ہم نے صرف 23 فیصد اضافہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ خام تیل کی قیمت میں عالمی منڈی میں 119 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ہم نے صرف 32 فیصد قیمت بڑھائی ہے، ملک میں ڈیمز بنارہے ہیں، ہمیں سستی بجلی کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ چھوٹے قرض فراہم کیے جارہے ہیں، پاکستان میں ترقی کے سنہرے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔