سرگودھا(رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ملک میں عوامی استحصال، مہنگی بجلی سے بھاری بلوں،بلدیاتی اداروں کی بے اختیاری، اور بنیادی سہولیات کی بدترین صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو درپیش مسائل پر”چارٹر آف ایشوز”مرتب کر کے بھرپور تحریک شروع کرے گی جو کہ پورے ملک میں جاری تحریک کا حصہ ہو گی۔
زرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے سرگودھا آمد پر مرکز جماعت اسلامی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مک مکا کی سیاست جاری ہے اور عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ریزرو سیٹوں کو ناجائز طریقے سے ن لیگ،پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے اپنے حق میں استعمال کیا جن پر نہ صرف نمائندے لائے گئے بلکہ انہی بنیادوں پر سینٹ میں بھی ممبران پہنچائے گئے۔جو کہ آئین اور جمہوریت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے احتجاج کی بجائے مک مکا کی راہ اختیار کی اور عوام کارکنان مقدمات، گرفتاریوں اور قربانیوں سے دوچار رہے جبکہ لیڈرشپ اقتدار کی بندربانٹ میں لگی رہی۔ انہوں نے سیاسی صورتحال کو “نورا کشتی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور ان کے چنگل سے نکلنے کو تیار ہیں۔انہوں نے سیوریج، صاف پانی کی عدم دستیابی، کھلے عام منشیات کی فروخت، اور بلدیاتی اداروں کی بے اختیاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے سے بھاگ رہی ہے اور تمام اختیارات و فنڈز خود ہڑپ کئے جا رہے ہیں۔
اس گراس روٹ قیادت سے عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے۔جماعت اسلامی نے عوام کے درپش مسائل پر مبنی “چارٹر آف ایشوز” مرتب کرنے اور ایک بھرپور عوامی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو پورے ملک میں جاری تحریک کا حصہ ہوگی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی کے نرخ اور ٹیکسز عوام کا خون چوسنے کا نیا حربہ ہیں۔ پروٹیکٹڈ صارف کے نام پر جو چھ مہینے کی شرط رکھی گئی وہ ظالم و زیادتی کے مترادف ہے۔ اگر ایک ماہ 200 کی بجائے صارف 201 یونٹ استعمال کر لے تو اس کا بل یکدم ہزاروں روپے بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 244 ارب روپے کی اووربلنگ کا جو انکشاف آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے، وہ وزیراعظم اور متعلقہ اداروں کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ اس لوٹ مار پر جوابدہی ہونی چاہیے اور جماعت اسلامی قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ اپنی مراعات، فری بجلی، بڑی گاڑیاں اور بے جا اخراجات کم نہیں کرتے، لیکن عوام پر روز بروز بوجھ بڑھاتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی درپش مسائل کے حل کے لیے احتجاجی تحریک کو وسعت دے گی اور عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے امرا سے ملاقات میں عوامی رابطہ کو فعال اور رکنیت سازی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔









