اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ کرپشن کا جواب دینے کی بجائے اداروں پر کیچڑ اچھالنا شرمناک فعل ہے، نااہل درباری الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی مثال ہیں‘نااہل درباری اداروں کو دھمکانا بند کریں‘ملک میں قانون سب کیلئے برابر ہے۔
منگل کو ڈاکٹر شہباز گِل نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نااہل درباری اداروں کو دھمکانا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا جواب دینے کے بجائے اداروں پر کیچڑ اچھالنا شرمناک فعل ہے، نااہل درباری الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی مثال ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کرپشن ثابت ہونے پر بڑے میاں کو سزا ہوئی، عدالتوں سے مفرور احتساب کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش میں ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ احتساب کو ڈرامہ کہہ کر جان چھڑانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، میڈیا پر آ کر ہرزہ سرائی احتساب کے عمل کو سبوتاثر کرنے کی ناکام کوشش ہے۔شہباز گِل نے مزید کہا کہ آج ملک میں قانون سب کیلئے برابر ہے، ملک کے طاقتور ترین طبقے کا احتساب عمران خان کی جیت ہے۔