ڈاکٹر فاروق ستار 13

ملک بھر میں سب سے زیادہ عطیات کراچی والے دیتے ہیں،ڈاکٹرفاروق ستار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر قائد کراچی کو نیا لقب دے دیا جس کی وجہ اس شہر میں سب سے زیادہ عطیات کا جمع ہونا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ عطیات کراچی والے دیتے ہیں۔اگر زندہ دلان لاہور ہے تو آئیں کراچی کو بھی ایک ٹائٹل دیتے ہیں، ہم کراچی کو فراخ دلان کراچی کا ٹائٹل دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی صوبے کو زیادہ ٹیکس دیتا ہے، پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات اسی شہرسے ہوتی ہیں، اور سب سے زیادہ اسٹریٹ کرائم بھی کراچی میں ہوتے ہیں۔کراچی میں پانی کے منصوبے کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کے آخر میں کے فور کا نیا منصوبہ لائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی جسے منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے، یہ شہر آبادی کے لحاظ سے صوبہ سندھ کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اورتجارتی مرکز بھی ہے۔ارباب اختیار کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کے باعث یہ شہر اب روشنیوں سے محروم ہوکر اپنی پرانی شناخت تقریبا کھوچکا ہے لیکن اہلیان کراچی کی فراخدلی اور دل کھول کر عطیات دینے کے باعث آج بھی ملک کے تمام شہروں میں سب سے آگے ہے۔معاملہ شہر میں بد امنی کا ہو یا صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف منظم حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی اب دراصل کراچی نہیں رہا بلکہ کچرا سٹی بن چکا ہے۔پہلے سنا کرتے تھے کہ ماضی میں قائد کے شہر کی سڑکیں دھلا کرتی تھیں اس کی سڑکیں آئینے کی طرح چمکتی دکھائی دیتی تھیں لیکن اب تو نہ جانے شہر قائد کو کس کی نظر کھا گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں