زیورچ (رپورٹنگ آن لائن) سوئٹزرلینڈ کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ ملک کسی بڑے بیرونی حملے کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے قابل نہیں ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ تھامس سوئسلی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سوئٹزرلینڈ اہم بنیادی تنصیبات پر حملوں اور سائبر حملوں کیلئے تو تیار ہے، تاہم فوج کو اب بھی سازوسامان کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جاننا تشویش ناک ہے کہ کسی ہنگامی صورتحال میں تمام فوجیوں میں سے صرف ایک تہائی مکمل طور پر سازوسامان سے لیس ہوں گے، روس کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سوئٹزرلینڈ فوجی اخراجات میں اضافہ کرنا ہوگا۔
سوئسلی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ دفاعی اخراجات میں اضافہ کر رہا ہے، توپ خانے اور زمینی نظام کو جدید بنا رہا ہے اور پرانے لڑاکا طیاروں کی جگہ جدید ایف-35 اے طیارے شامل کر رہا ہے، تاہم اس منصوبے کو اخراجات میں اضافے کا سامنا ہے، جبکہ ناقدین سخت وفاقی مالی حالات کے تناظر میں توپ خانے اور گولہ بارود پر خرچ کیے جانے والے بجٹ پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین میں جنگ اور یورپ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی روسی کوششوں کے باوجود فوج کے بارے میں عوامی رویے میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔









