اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ اورآزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے، کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے کی اجازت دے گا؟۔
ایک انٹرویومیں وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے دوران سیاسی قیادت کا بڑا حصہ قید میں ہوتا ہے، یہاں آزاد کشمیر الیکشن میں گہما گہمی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فرق صاف ظاہر ہے، مقبوضہ کشمیر میں انتخابات میں ہو کا عالم ہوتا ہے، کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے کی اجازت دیگا؟
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت مخالف جماعت حکومت کرتی رہی، لوگوں کو واضح رجحان تحریک انصاف کی طرف دکھائی دیتا ہے، بیلٹ باکس کھلے گا تو نتیجہ سامنے آئے گا، ووٹر زمینی حقائق دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے ٹکٹوں کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں آئیں، اپوزیشن جماعتیں آزاد کشمیر گئیں اپنی انتخابی مہم چلائیں۔