سلیم حیدر خان 45

مقامی برانڈز ملکی معیشت کو مضبوط بناتے ہیں’ سردار سلیم حیدر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مقامی برانڈز ملکی معیشت کو مضبوط بناتے ہیں،نوجوان اور کاروباری افراد اگر جدید تقاضوں کے مطابق نئے آئیڈیاز کے ساتھ مارکیٹ میں آئیں تو پاکستان عالمی سطح پر بھی اپنی شناخت مضبوط بنا سکتا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عامر سعید میاں کے نئے برانڈ ”فرح”کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

افتتاحی تقریب میں ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب زیشان ملک، پارلیمانی سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سلمہ سعدیہ تیمور، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی سمیت کاروباری شخصیات، صنعتکاروں اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے نئے کاروباروں اور برانڈز کا آغاز امید کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کا فروغ معاشی استحکام، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ ملکی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو سکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان اور کاروباری افراد اگر جدید تقاضوں کے مطابق نئے آئیڈیاز کے ساتھ مارکیٹ میں آئیں تو پاکستان عالمی سطح پر بھی اپنی شناخت مضبوط بنا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مقامی برانڈز کی کامیابی دراصل قومی معیشت کی کامیابی ہوتی ہے کیونکہ اس سے مقامی صنعت کو فروغ، ہنر مند افراد کو مواقع اور ملکی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ کاروباری برادری کی نمائندگی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور ایسے پلیٹ فارمز نئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عامر سعید میاں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے برانڈ کا قیام محنت، وڑن اور اعتماد کا مظہر ہے، اور امید ظاہر کی کہ ”فرح”برانڈ نہ صرف مقامی مارکیٹ بلکہ مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی جگہ بنائے گا۔گورنر پنجاب نے عامر سعید میاں کو نئے برانڈ کی کامیاب لانچنگ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کاروباری افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے مثبت اقدامات کی مکمل حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب زیشان ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئے کاروباروں کا قیام معاشی استحکام کی جانب مثبت قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ نجی شعبہ مزید مضبوط ہو سکے۔پارلیمانی سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سلمہ سعدیہ تیمور نے کہا کہ ”فرح” ایک خوبصورت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ برانڈ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ برانڈ خصوصاً خواتین کے لیے معیاری مصنوعات فراہم کرے گا اور فیشن و ریٹیل سیکٹر میں مثبت اضافہ ثابت ہوگا۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے بھی نئے کاروباری اقدامات کو معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی اور نجی شعبے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر عامر سعید میاں نے تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”فرح” برانڈ کے قیام کا مقصد معیاری مصنوعات متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ مقامی صنعت کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں برانڈ کو مزید وسعت دینے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے برانڈ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور نئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں