سرفراز بگٹی 72

معیاری تعلیم، کردار سازی اور ہمہ جہت تربیت پر قوموں کا مستقبل تعمیر ہوتا ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

سوئی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم، کردار سازی اور ہمہ جہت تربیت ہی وہ مضبوط بنیاد ہے جس پر قوموں کا مستقبل تعمیر ہوتا ہے، اور ملٹری کیڈٹ کالجز اس قومی مقصد کے حصول میں نہایت مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں جہاں نوجوانوں کو علمی استعداد کے ساتھ نظم و ضبط، قیادت، حب الوطنی اور قومی ذمہ داری کا شعور بھی دیا جاتا ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ملٹری کالج سوئی میں یومِ والدین کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملٹری کالج سوئی جیسے ادارے بلوچستان کے نوجوانوں کو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ عملی تربیت، عسکری روایات اور مثبت اقدار سے بھی ہم آہنگ کر رہے ہیں انہوں نے والدین کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیمی و اخلاقی کامیابی میں والدین کی رہنمائی، محنت اور قربانیاں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں، اور یومِ والدین جیسی تقاریب والدین اور تعلیمی ادارے کے درمیان اعتماد اور ربط کو مزید مضبوط بناتی ہیں.

میر سرفراز بگٹی نے کیڈٹس کی تعلیمی کارکردگی، نظم و ضبط اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے درست سمت اور سازگار ماحول فراہم کر کے قومی اثاثہ بنایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور شخصیت سازی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور ملٹری کالج سوئی جیسے اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہے .

اوزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید تعلیمی سہولیات، کھیلوں کے مواقع اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ناگزیر ہے اسی تسلسل میں انہوں نے اعلان کیا کہ ملٹری کالج سوئی کے سالِ دوئم کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے کالج کی سولرائزیشن، اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، آؤٹ ڈور اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور کالج میں نئے پریڈ گراؤنڈ کی تعمیر بھی کی جائے گی اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈیئر محمد عامر اعجاز نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ملٹری کالج سوئی کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی معیار اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور صوبائی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں