سید یوسف رضا گیلانی 23

معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے ، سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے ، جعلی خبروں کے ذریعے سچ کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے ۔ اتوار کو عالمی دن برائے معلومات تک رسائی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے لیے ، آئین پاکستان اس کا تحفظ کرتا ہے، باخبر معاشرہ شفافیت، ترقی اور انصاف کی بنیاد رکھتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ درست اور بروقت معلومات عوام کو بااختیار اور حکومت پر اعتماد کو مضبوط بناتی ہیں، میڈیا کی اہمیت موجودہ دور میں دوچند ہو چکی ہے ، ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہر صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہے ، جعلی خبروں کے ذریعے سچ کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معلومات کا آزادانہ بہاؤ شفاف حکمرانی اور بہتر انتظامی امور کے لیے ناگزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے ، تمام ادارے معلومات تک رسائی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافی برادری درست اور جامع اطلاعات کی فراہمی یقینی بنائے ، اطلاعات و آگاہی روشن معاشرے اور جمہوریت کی سانس ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں