سوشل میڈیا انفلوئنسر 15

معروف انفلوئینسر سد ریپر کے گھر چوری کی واردات، قیمتی اشیاء سے محروم

لاہور کے علاقے فیز 9 حیات آباد میں سوشل میڈیا انفلوئنسر اسد اسحاق (سد ریپر) کے گھر نامعلوم چور نے بڑی واردات کر ڈالی۔

پولیس کے مطابق ملزم گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر کے فرار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم نے بھی شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ ملزم کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق متاثرہ انفلوئنسر کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس پی کینٹ اختر نواز نے ایس ڈی پی او برکی آصف عطا کو فوری طور پر ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

دریں اثنا سد ریپر کی اہلیہ شیزا اسد کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا، جس میں انہوں نے اپنے گھر میں ہونے والی واردات کی تفصیلات بیان کی ہیں۔

شیزا اسد کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، اور جب وہ واپس پہنچیں تو گھر کا سارا سامان بکھرا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چور دروازوں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود سونا، نقدی اور کیمرے سمیت قیمتی اشیاء لے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں سیکیورٹی کا کوئی موثر نظام موجود نہیں، جس کے باعث ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں