نکولا سارکوزی 15

معافی کا انتظار نہیں کر رہا ، اپنی بے گناہی ثابت کروں گا ،سابق فرانسیسی صدر

پیرس(رپورٹنگ آن لائن)فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی نے اعلان کیا ہے کہ لیبیا سے غیر قانونی انتخابی فنڈنگ کے مقدمے میں پانچ سال قید کی سزا کے بعد وہ کسی بھی صورت میں صدارتی معافی کے منتظر نہیں ہیں۔فرانسیسی اخبار کوانٹرویو میں انھوں نے اپنی دیانت داری ثابت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پیرس کی ایک عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سابق فرانسیسی صدر کو پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت کے مطابق انھوں نے اپنے قریبی ساتھیوں کو سابق لیبیائی رہنما معمر قذافی سے 2007 کی انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈنگ حاصل کرنے کی اجازت دی تھی۔انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ صدر ایمانوئل ماکروں سے معافی کی توقع رکھتے ہیں، تو سارکوزی نے جواب دیا نہیں۔

سابق صدر نے وضاحت کی کہ معافی کے لیے ضروری ہے کہ آپ عدالت کے فیصلے کو قبول کریں اور اپنے جرم کا اعتراف کریں۔ میں کبھی اس جرم کا اعتراف نہیں کروں گا جو میں نے کیا ہی نہیں۔ میں اپنی دیانت داری کے اعتراف کے لیے آخر تک لڑوں گا۔

انھوں نے بات ختم کرتے ہوئے کہا میں کامیاب ہوں گا۔واضح رہے کہ معافی صرف اس وقت ممکن ہے جب سزا حتمی اور قابلِ نفاذ ہو، اور فی الحال یہ اقدام زیر غور نہیں کیونکہ سارکوزی نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں