وزیر خزانہ

معاشی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ماضی میں متوسط طبقے کی آمدن کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، غریب صرف ترقی کے خواب ہی دیکھتا رہا، معاشی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، موجودہ حکومت پائیدار ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پہلی بار ترقی کے سفر میں نچلے طبقے کو ترجیح دی گئی، کامیاب ہنر مند پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، کامیاب ہنر مند پروگرام کے تحت ہر گھر سے ایک فرد کو ٹکنیکل ٹریننگ دی جائے گی، حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں سب سے بڑا پروگرام متعارف کرایا گیا، کوشش ہے کہ غریب طبقے کو ان کے پاوں پر کھڑا کریں۔

پیر کو کامیاب پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ماضی میں متوسط طبقے کی زندگی آسان کرنے کےلئے کچھ نہیں کیا گیا، معاشی ترقی کےلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،غریب خاندان صرف ترقی کے خواب دیکھتا ہے،ہم مستحکم ترقی چاہتے ہیں،ٹیکس ریونیواور زراعت کو ترقی دے رہے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت تھی کہ ہم غریب کو معاشی اثرات کے رحم و کرم پر نہ رہنے دیں، کامیاب پاکستان پروگرام اسی کی ایک کڑی ہے، کامیاب نوجوان پروگرام کو دو سال ہو گئے لیکن صرف دس ہزار لوگ اس سے مستفید ہو سکے،اگر بڑے ادارے یا بینک قرض دیں بھی تو ان کا قرض دینے کا عمل بہت مشکل ہے اس کے برعکس چھوٹے مائیکرو فنانس ادارے اور این جی اوز جیسے اخوت اور این آر ایس پی کئی سالوں سے لوگوں کو قرض دے رہے ہیں جہاں واپسی کی شرح 99فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب کاروبار پروگرام میں 3سال کےلئے 5لاکھ تک بلاسود قرض دیا جائے گا، کامیاب کسان پروگرام میں کسانوں کی ایک فصل کےلئے ڈیڑھ لاکھ اور دو فصلوں کےلئے 3لاکھ بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان سستا گھر پروگرام حکومت کا اقدام ہے،بینک اس کو آگے بڑھائیں گے،صحت مند پاکستان پروگرام ہر پاکستانی کےلئے ہے، بیماری کی وجہ سے کئی گھرانوں کی جمع پونجی ختم ہو جاتی ہے ہم نے خیبرپختونخوا سے یہ پروگرام شروع کیا اسے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت ہر گھرسے ایک فرد کو ٹیکنیکل تعلیم دی جائے گی،

امریکی صدر کہتے ہیں ہم اپنے نچلے طبقے کو اوپر لائیں گے اگر وہاں اب بھی ضرورت ہے تو پاکستان میں بہت زیادہ ضرورت ہے،ہم نچلے طبقے کو اوپر لائیں گے،پہلے یہ لوگ بینکوں سے قرض لیتے تھے یا آڑھتیوں کے ہتھے چڑھ جاتے تھے، ہم غریبوں کو ان کے چنگل سے نکالیں گے،اس پروگرام کےلئے ہم نے سخت محنت کی ہے،اس کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچائیں گے،یہ بہت بڑی تبدیلی ہے،1400ارب روپیہ3 سے 5سالوں میں فراہم کریں گے،یہ پروگرام نچلے طبقے میں انقلاب لائے گا، نچلا طبقہ اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو گا،ہم غریب طبقے کو وہ دیں گے جو سابقہ حکمران 72سالوں میں نہیں دے سکے، نچلے طبقے کو اوپر لانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس فلاحی ریاست کے بانی ہیں