اوکاڑہ
( شیر محمد)
ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے کرسمس کی آمد سے قبل ضلع بھر میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کیتھولک چرچ، ناصری چرچ اور کرائسٹ چرچ کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران و اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 1000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چرچز، فیملی پارکس اور اہم شاہراہوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ مسیحی برادری کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ پولیس پرامن کرسمس کے انعقاد کو یقینی بنائے گی اور سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔









