صدر 56

مسلمان بھارت میں یونیورسٹی کا وی سی نہیں بن سکتا، مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی ( رپورٹنگ آن لائن)جمعیت علمائے ہند(الف)کے صدر اور دارالعلوم دیوبند کے صدرالمدرسین مولانا ارشد مدنی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایک مسلمان نیویارک اور لندن کا میئر بن سکتا ہے لیکن بھارت میں ایک مسلمان یونیورسٹی کا وائس چانسلر (وی سی)نہیں بن سکتا۔

دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مولانا ارشد مدنی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی وائس چانسلر بن بھی جائے تو اسے جیل بھیج دیا جاتا ہے، جیسے اعظم خان کو بھیجا گیا، آج الفلاح میں کیا ہو رہا ہے، حکومت پوری کوشش میں ہے کہ مسلمان کبھی سر نہ اٹھا سکیں۔دارالعلوم دیوبند کے صدرالمدرسین کا کہنا تھا کہ الفلاح یونیورسٹی کا مالک جیل میں پڑا ہوا ہے، کب تک پڑا رہیگا کوئی نہیں جانتا.

یہ کیسا عدالتی نظام ہیکہ ایک شخص کو مسلسل جیل میں رکھا جائے جب کہ کیس ابھی پوری طرح ثابت بھی نہیں ہوا؟ انہوں نے کہا کہ آزادی کے پچھلے 75 برسوں میں بھی مسلمانوں کو تعلیم، قیادت اور انتظامی ڈھانچے میں آگے بڑھنے سے روکا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہیکہ مسلمانوں کے پیروں تلے زمین چھین لی جائے اور بڑی حد تک چھین بھی لی گئی ہے، آج مسلمانوں کا حوصلہ پست کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں