مسجد اقصی 163

مسجد اقصی کے اطراف میں کشیدگی،250یہودیوں کے قبلہ اول پر دھاوے

مقبوضہ بیت المقدس (رپورٹنگ آن لائن)درجنوں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد قصی میں گھس کر مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف نے بتایاکہ مسجد اقصی کے اطراف میں یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی وجہ سے غیرمعمولی کشیدگی رہی اور اڑھائی سو یہودی شرپسندوں نے مسجد اقصی میں گھس کر مقدس مقام کا تقدس پامال کیا۔فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز250 یہودی شرپسندوں نے قبلہ اول میں گھس کراشتعال انگیز چکر لگائے۔یہودی آباد کار مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصی کے صحن میں داخل ہوئے۔

اس موقعے پر انتہا پسند یہودی شرپسندوں کو مزعومہ ہیکل سلیمانی کے بارے میں مذہبی بریفنگ بھی دی گئی۔خیال رہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے کے دن کے علاوہ ہفتے کے باقی ایام میں یہودی آباد کار مسجد اقصی پر دھاوے بولتے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مسجد اقصی کی حرمت کو پامال کرنے والے اشتعال انگیز اقدامات اور حرکات کرتے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائی سے روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سمیت طرح طرح کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں