کیپٹن(ر)محمد صفدر

مزار قائد بے حرمتی کیس،سندھ پولیس نے کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتار کرلیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) مزار قائد کی بے حرمتی کیس میں سندھ پولیس نے مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑ کر ان کے شوہر اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر)محمد صفدر کو گرفتار کرلیا۔

مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پولیس نے ہوٹل میں ہمارے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر)صفدر کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔ دونوں سیاسی رہنما پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔

کیپٹن (ر)صفدر نے گرفتاری کے بعد ووٹ کو عزت دو، مادر ملت زندہ باد اور ایوبی مارشل لا مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ تھانہ بریگیڈ کی انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماوں نے مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن صفدر سمیت مسلم لیگ (ن)کے 200 سے زائد کارکنوں کیخلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔