سہیل آفریدی 15

مریم نواز کا سندھ، کے پی اور بلوچستان کے عوام کو دہشت گرد قرار دینا ملکی تقسیم کی سازش ہے، آفریدی

میرپورخاص (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو دہشت گرد قرار دینا پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، ایسے بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

میرپورخاص میں اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے تمام عوام پاکستانی ہیں، انہیں کسی بھی صورت تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے ہی نہیں بلکہ انہیں اقتدار میں لانے والوں سے بھی نفرت کرنے لگے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ بھارت کو دوست قرار دیتی ہیں اور انہیں بھارت سے کوئی مسئلہ نہیں، تاہم پاکستان کے سرحدی صوبوں سے متعلق ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول حکمرانوں کے یہ طرزِ عمل ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے، اگر پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کو غربت، جہالت اور بھوک میں دھکیلنے والی پالیسیاں کسی صورت قابل قبول نہیں، حکمرانوں کے مفادات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطیر بجٹ کے باوجود اگر عوام کو ترقی، اسکول، کالج اور اسپتال میسر نہ ہوں تو یہ صورتحال قابل تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ عوام کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے اور آج کے اجتماعات اسی مقصد کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی رہنما جیل جانے کے بعد ڈیلیں کرتے رہے، تاہم ان کے بقول بانی پی ٹی آئی عمران خان دباؤ کے باوجود اپنی قوم کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو طویل عرصے تک تنہائی میں رکھا گیا، ان کی اہلیہ اور رشتہ داروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔

انہوں نے عدالتی معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کو انصاف کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔سہیل آفریدی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام خاموش رہے تو موجودہ حکمران اقتدار میں رہیں گے، اب عوام کو اپنے مستقبل اور قیادت کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دو خاندانوں کی سیاست کو عمران خان نے چیلنج کیا، عوام مزید کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور جو پالیسیاں عوام کے مفاد میں نہیں، ان کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں